ملتانی ثقافت کا ذائقہ دار رنگ،ملتانی ڈولی روٹی اور دال مونگ

101

ملتان، 20 نومبر (اے پی پی ): تاریخی مقامات ہوں یا فنونِ لطیفہ یا پھر لباس ملتان اپنی الگ اور منفرد پہچان رکھتا ہے۔ ملتان روایتی اور قدیم ثقافتی کھانوں میں بھی خاص شہرت کا حامل ہے، ان روایتی ثقافتی کھانوں میں ایک ڈولی روٹی ہے۔

 جدید دور کے نت نئے تقاضوں نے اگرچہ ملتان کی معاشرتی زندگی میں کئی تبدیلیاں رونما کی ہیں پھر بھی ملتان کی سوغات ڈولی روٹی آج بھی ہر دلعزیز ہے۔

 تقریباً چار انچ چوڑی دو انچ موٹی پھولی ہوئی خستہ نرم اور خوش زائقہ ڈولی روٹی کو بہت پسند کیا جاتا ہے ۔مقامی لوگوں کے علاوہ دور دراز علاقوں سے لوگ ملتانی ڈولی روٹی کھانے کے لیے ملتان کا رخ کرتے ہیں۔

 ڈولی روٹی تیار کرنا ایک باقاعدہ فن ہے جسکے تین مراحل ہیں۔ پہلے مرحلے میں موٹی الائچی، چینی اور پسی ہوئی چنے کی دال سے پانی تیار کیا جاتا ہے، دوسرے مرحلے میں اسے بکھرے ہوئے پانی سے خمیر کے میدہ کو آٹے کی طرح گوندھا جاتا ہے اور تیسرے اور آخری مرحلے میں اس کو سرسوں کے تیل یا گھی میں فرائی کیا جاتا ہے۔

ڈولی روٹی تیار کرنے کے لیے آٹھ گھنٹے مسلسل محنت کی جاتی ہے، ہلکی اور شوق بھورے رنگ کی یہ ہلکی میٹھی ڈولی روٹی ملتانی مخصوص دال مونگ کے ساتھ پیش کی جاتی ہے، بغیر مصالحہ جات سے بھری چنے کی دال اور ثابت مونگ کی یہ سوغات بھی صرف ملتان میں تیار کی جاتی ہے، اس کے علاوہ ڈولی روٹی آلو سے بنے سالن کے ساتھ کھائی جاتی ہے۔

 وقت کے ساتھ ساتھ ڈولی روٹی کی کئی اقسام متعارف کرائی گئی ہیں جن میں ڈرائی فروٹ شاہی کھوئے والی ڈولی روٹی شامل ہیں جن سے مہمانوں کی تواضع کی جاتی ہے۔

 ذائقہ میں باکمال اور پرلطف ملتانی ڈولی روٹی سات دن تک محفوظ کی جاسکتی ہے، زمیندار، تاجر ،متوسط اور غریب طبقہ سب ہی میں ڈولی روٹی یکساں پسند کی جاتی ہے، ملتانی ڈولی روٹی اور ملتانی دال مونگ کا ناشتہ ملتانی ثقافت کا حصہ ہے۔