‘‘اڈاپٹ اے فیملی پروگرام’’ غربت کے خاتمہ کیلئے  مؤثر متبادل حکمت عملی  ہونے کی بھرپور استعداد رکھتا ہے؛نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

26

اسلام آباد،22نومبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ‘‘اڈاپٹ اے فیملی پروگرام’’ جیسے منصوبوں کے بارے میں آگاہی مہمات چلانے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پروگرام غربت کے خاتمہ کیلئے  مؤثر متبادل حکمت عملی  ہونے کی بھرپور استعداد رکھتا ہے، سماجی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا وسیع ڈیٹا بیس انتہائی مفید ثابت ہو سکتا ہے ۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرپرسن اور اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب اور دنیا فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں عامر محمود نے ملاقات  کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کو دنیا فاؤنڈیشن اور اخوت فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے ہونے والے ‘‘اڈاپٹ اے فیملی پروگرام’’ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اڈاپٹ اے فیملی پروگرام غربت کے خاتمہ کیلئے  مؤثر متبادل حکمت عملی  ہونے کی بھرپور استعداد رکھتا ہے۔

  وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ‘‘اڈاپٹ اے فیملی پروگرام’’ جیسے منصوبوں کے بارے میں آگاہی مہمات چلانے کی ہدایت  کی۔  وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں میں سماجی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے متعلق  آگاہی اور شعور پیدا کرنا انتہائی اہم ہے، سماجی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا وسیع ڈیٹا بیس انتہائی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔