اسلام آباد،22نومبر (اے پی پی):نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے واپڈا کو پن بجلی منصوبوں کی آمدن سے خیبرپختونخوا حکومت کو ادائیگی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو جلد ازجلد دور کر کے ان ادائیگیوں کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے ، خیبر پختونخوا کی حکومت اور مرکزی بجلی خریداری ادارہ (سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی) کے مابین تمام حل طلب معاملات کو جلد حل کرنے اور انسدادِ دہشتگردی کے حوالے سے صوبہ کیلئے مختص فنڈز کی فوری ادائیگی کی ہدایت کی ہے۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے خیبر پختونخوا میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کے شہدا کے خاندانوں کی بہبود کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بجلی چوری کے سد باب کیلئے جاری آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے صوبائی انتظامیہ، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، واپڈا اور آپریشن میں حصہ لینے والے اداروں کے اہلکاروں کے اقدامات کو سراہا۔
اجلاس کو پن بجلی کے منصوبوں کی آمدن کی خیبر پختونخوا حکومت کو ادائیگی پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے واپڈا کو ہدایت کی کہ اس معاملے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کر کے ان ادائیگیوں کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کو پن بجلی منصوبوں کے حوالے سے تمام تر بقایا جات کی ادائیگی فوری یقینی بنائی جائے اور خیبر پختونخوا کی حکومت اور مرکزی بجلی خریداری ادارہ (سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی) کے مابین تمام حل طلب معاملات کو جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ تمام صوبوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائے، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں جاری پن بجلی کے منصوبوں اور آبی ذخائر کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں آبی ذخائر اور پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے۔ پاکستان کو اللہ رب العزت نے پانی کے وسیع وسائل سے نوازا ہے جن کا استعمال بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ بہتر آبپاشی اور کم لاگت و ماحول دوست بجلی بنانے کیلئے جاری منصوبوں پر کام میں کسی قسم کا تعطل نہ برتا جائے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے انسدادِ دہشتگردی کے حوالے سے خیبر پختونخوا کیلئے مختص فنڈز کی فوری ادائیگی کے لیے بھی ہدایت جاری کی۔ شہدا ویلفیئر فنڈ کو فوری طور پر شہدا کے اہلِ خانہ تک پہنچایا جائے، شہدا نے ملک کی بقاء اور دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں شہید ہونے والوں کے خاندان اس قوم کے محسن ہیں، ان کی بہبود کے لیے مختص رقم کی ادائیگی میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں نگران وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ، وزیرِ برائے امورِ قبائلی علاقہ جات عامر عبداللہ، چیئرمین واپڈا لیفٹینینٹ جنرل (ر) سجاد غنی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔