نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا ابوظہبی میں ثقافتی و تاریخی مقام وحت الکرامہ کا دورہ

19

 

ابو ظہبی،28نومبر  (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ابوظہبی میں قومی اور ثقافتی تاریخی مقام وحت الکرامہ کا دورہ کیا۔ وحت الکرامہ متحدہ عرب امارات کے ان ہیروز کی قربانیوں کی یاد میں تعمیر کیا گیا ہے جنہوں نے اپنے ملک کی خدمات میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔

متحدہ عرب امارات پریزیڈنٹ کورٹ میں شہداء کے خاندانوں کے امور کے دفتر کے چیئرمین شیخ طیب بن محمد بن زید النہیان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کی پروقار تقریب میں شرکت کی۔ بعدازاں وزیراعظم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔یہ یادگار متحدہ عرب امارات کی قیادت، عوام اور بہادر فوجیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی علامت ہے اور 31 پینلز پر مشتمل ہے۔

 وزیراعظم نے وحت الکرامہ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں یادگار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔دورے کے اختتام پر وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات نوٹ کیے، جس میں متحدہ عرب امارات کے بہادر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وحت الکرامہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایک قومی اور ثقافتی نشان ہے،جو متحدہ عرب امارات کے شہداء کے بہادرانہ اقدامات اور یو اے ای کے دفاع میں ان کی قربانیوں کی یاد میں قائم کیا گیا تھا۔