دوبئی،2 دسمبر(اے پی پی): نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ترقی پذیر ممالک کے لیے قابلیت سازی کی بہتر فراہمی کے ساتھ ساتھ ثابت شدہ موسمیاتی ٹیکنالوجیز کی منتقلی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ ہفتہ کو یہاں ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ (WCAS) میں مینز آف امپلیمینٹیشن پر گلوبل اسٹاک ٹیک (GST) کے اعلیٰ سطحی گول میز مباحثے سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے بحران کی شدت کو اجاگر کیا اور اس بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی مالیات، صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی سمیت نفاذ کے مناسب ذرائع فراہم کرنے پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے کلائمیٹ فنانس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی مالی ضروریات 100 بلین امریکی ڈالرز سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے لیے قابلیت سازی کی بہتر فراہمی کے ساتھ ساتھ ثابت شدہ موسمیاتی ٹیکنالوجیز کی منتقلی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے نظام میں مزید ہم آہنگی اور روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یہ پہلا گلوبل اسٹاک ٹیک (GST) مختلف ممالک اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے پیرس معاہدے کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے اپنی اجتماعی پیش رفت کا جائزہ لینے کا عمل ہے۔ یہ اعلیٰ سطحی تقریب COP28 میں “مینڈیٹڈ ایونٹس” کی ایک سیریز کا حصہ تھی جس میں تقریباً 30 سربراہان مملکت/حکومت نے شرکت کی۔