ریاض،2دسمبر (اے پی پی): خلیج تعاون کونسل کے ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے سے تجارت اورسرمایہ کاری میں اضافہ ہوگاعلاوہ ازیں جی سی سی ممالک کے ساتھ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ یہ بات نگران وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے سعودی عرب میں جی سی سی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کیلئے چیف مذکرات کارسے ملاقات میں کہی۔
نگران وفاقی وزیرتجارت نے سعودی عرب میں سرکاری وفد کی قیادت کی جس میں وزارت تجارت اور بورڈ آف انویسٹمنٹ (BOI)کے سیکرٹریزاور اٹارنی جنرل آفس کے حکام شامل تھے۔ پاکستانی وفدنے جی سی سی ممالک سے آزادانہ تجارت کے معاہدے کے سرمایہ کاری سے متعلقہ حصے کو حتمی شکل دینے کے لیے چیف مذاکرات کار کیساتھ ملاقات کی۔
دونوں اطراف کی تکنیکی ٹیموں نے سرمایہ کاری کے باب کی بقیہ تفصیلات بشمول سرمایہ کاری کے تحفظ اور سہولت پر وسیع بات چیت کی۔ فریقین نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے بہاو پرآزادانہ تجارت کے ممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ یہ پاکستان اور جی سی سی کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ہماری کوششوں میں ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار کیا کہ سرمایہ کاری کا باب معاہدے کا ایک اہم حصہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہم جلد ہی کسی معاہدے تک پہنچ جائیں گے،جی سی سی ایف ٹی اے سے پاکستان اور جی سی سی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، معاہدے سے دونوں خطوں میں نئی ملازمتیں اور کاروبار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
دونوں فریقین نے پاکستان اور جی سی سی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مستقبل قریب میں مشترکہ بزنس فورم کے انعقاد کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ نگران وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز نے پرتپاک مہمان نوازی پر خلیج تعاون کونسل کا شکریہ ادا کیا۔