بلوچستان حکومت نے بین الاقوامی معیار کے تعلیمی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،نگران صوبائی وزیر تعلیم قادر بخش بلوچ

139

 کوئٹہ، 05 دسمبر (اے پی پی) : بلوچستان حکومت نے بین الاقوامی معیار کے تعلیمی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا نام سکول سے باہر بچوں کے لیے مڈل ٹیچ، میٹرک ٹیچ اور انٹر ٹیچ رکھا جائے گا، تاکہ نوجوانوں کو ترقی کے ساتھ ساتھ جدید ہنر سے آراستہ کیا جا سکے گا کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر تعلیم قادر بخش بلوچ اور وزیر خزانہ امجد رشید نے کہا کہ نگراں حکومت نے یہ پروگرام صوبے کے تقریباً 65 فیصد سکول نہ جانے والے بچوں کو تکنیکی مہارت فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا ہے۔

قادر بخش بلوچ نے کہا کہ صوبہ بھر کے طلبہ کو معیاری تکنیکی انسانی وسائل پیدا کرنے کے لیے ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے ایک سال کی مدت کے مختلف تکنیکی کورسز مفت کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جدید ٹیکنالوجی کے لیے فنی تعلیم کی ہدایات کو بہتر بنانے کا بھی منصوبہ بنایا ہے 20 سے 24 تکنیکی تعلیم کے ادارے پرانے ہو چکے ہیں۔ تربیتی پروگرام کی فراہمی کا مقصد انہیں انتہائی ضروری اور قابل قدر مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے جو انہیں صوبے کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے قابل بنائے گی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ و ریونیو امجد رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے میں اب تک 20 ہزار سے زائد نوجوانوں نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) میں جدید ہنر حاصل کرنے کے لیے خود کو رجسٹر کرایا ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبے کے دس کالجوں میں پیشہ ورانہ تربیت کا پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے جس سے وہ باوقار معاش کماسکیں۔

انہوں کہا کہ ضروری تکنیکی تربیت حاصل کرنے کے بعد، پاس آوٹ طلبہ مشرق وسطیٰ، جاپان اور یورپ میں ملازمتوں کے لیے درخواست دے سکیں گے بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مختلف راستے کھولے جا رہے ہیں۔

 امجد رشید نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں مہارت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ تربیت مکمل کرنے کے بعد دنیا بھر میں روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کوئٹہ میں ایک دفتر قائم کریں گے تاکہ نوجوانوں کو بین الاقوامی منڈی میں ملازمتیں حاصل کرنے میں سہولت ملے۔

 ایک سوال کے جواب میں وزیر قادر بخش بلوچ نے کہا کہ اساتذہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے 3300 پرائمری سکول بند ہو چکے ہیں، ہر ماہ 300 سے زائد اساتذہ ریٹائرڈ ہو چکے ہیں اساتذہ کی کمی کی وجہ سے 4000 کے قریب سکول بند ہو جائیں گے کیونکہ محکمہ تعلیم میں 14000 آسامیاں خالی ہیں۔