چار روزہ میچ کے پہلے دن کپتان شان مسعود نے بہت اچھی اننگز کھیلی جس میں سیکھنے کیلئے بہت کچھ تھا، پاکستانی کرکٹر عبداللہ شفیق

36

اسلام آباد، 6 دسمبر(اے پی پی) : دورہ آسڑیلیا میں ٹیسٹ سیریز سے قبل چار روزہ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستانی کرکٹر عبداللہ شفیق کا کہنا تھا کہ پہلا دن ہمارے لئے بہت اچھا رہا، کپتان شان مسعود نے بہت اچھی اننگز کھیلی اس میں سیکھنے کے لئے بہت کچھ تھا، انہوں نے کہا کہ دورے کا آغازپراعتماد ہونا چاہئے کیونکہ یہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ، ہماری کوشش ہوگی کہ بقیہ دنوں میں بھی اچھا کھیلیں۔

موسم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موسم گرم ہے اور آوٹ فیلڈ سلو ہے شروع میں بیٹنگ کے لئے مشکلات تھیں لیکن پھر بھی وکٹ پر اچھا کھیلا گیا ،ہماری کوشش ہوگی کہ کل کے روز بھی اچھا اسکور کرکے میزبان ٹیم کو مشکلات میں ڈال کر کم سے کم اسکور پر آوٹ کریں، یہ فرسٹ کلاس میچ ہے جو ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لئے بہت معاون و مددگار ثابت ہوا ہے۔