اسلام آباد،06دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمدنے کہا کہ کانفرنس میں حرمت مسجد اقصیٰ اور امت مسلمہ کی ذمہ داری کا عنوان بجا طور پر مسلم امہ کی یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”حرمت مسجد اقصی اور مسلم امہ کی ذمہ داری ” کے عنوان سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد بدھ کو یہاں کنونشن سینٹر میں کیا گیا۔
کانفرنس کے اعلامیہ میں غزہ پر اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات چلائے جائیں، مسجد اقصیٰ کو آزاد کیا جائے، حکومت پاکستان کی طرف سے امدادی جہاز بھیجنا خوش آئند ہے۔
انیق احمد نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان، ترکی، مصر، قطر اور سعودی عرب اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور کہا اسرائیلی جارحیت کے خلاف امریکہ اور یورپی ممالک میں بھی بہت احتجاج ہوا جس سے یہ مسئلہ عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوا۔











