“پاکستان بیت المال ایٹ اے گلانس” تقریب ،غربت کے خاتمے کیلئے شروع کئے گئے پراجیکٹس کی نمائش کا اہتمام

37

 

اسلام آباد، 07 دسمبر(اے پی پی) : پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان تقریب بعنوان “پاکستان بیت المال ایٹ اے گلانس” ایوان قائد اسلام آباد میں منعقد ہوئی، تقریب میں مختلف سٹالز کے ذریعے غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان بیت المال کی کاوشوں اور اس کے تمام پراجیکٹس کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں پاکستان بیت المال ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز، چائلڈ لیبر بحالی مراکز، پاکستان سویٹ ہومز، انفرادی مالی امداد برائے میڈیکل، ایجوکیشن، شیلٹر ہومز وغیرہ کے سٹالز بھی شامل تھے۔

 منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے “ اے پی پی ”سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد مخیر حضرات، عطیہ دہندگان، بین الاقوامی این جی اوز، سفارتی مشنز، ملٹی نیشنل کمپنیز اور دیگر ڈونر ایجنسیز کو پاکستان بیت المال کی غربت کے خاتمے کیلئے جاری پروگراموں اور سرگرمیوں کو مارکیٹ کرنا ہے تاکہ شراکت داری اور تعاون کے نئے پہلووں پر کام کیا جاسکے اور ڈونرز کو ادارے کی افادیت اور کارکردگی سے روشناس کرایا جاسکے۔

تقریب کے شرکاءکی آگاہی کے لئے پاکستان بیت المال کے تعاون سے چلنے والے غریب و مستحق افراد کے لئے مختلف اقدامات و سہولیات کی فراہمی سے متعلق اسٹالز لگائے گئے، جن پر مصنوعی اعضاءکے فراہمی، تھلیسیمیا سے آگاہی متعلق اسٹال، مصنوعی آلات، لیبارٹریز، سویٹ ہومز اور دیگر سرگرمیوں پر معلومات فراہم کی گئیں۔

تقریب میں پاکستان بیت المال سویٹ ہومز اور چائلڈ لیبر بحالی مراکز کے بچوں نے معزز مہمانوں کے سامنے مختلف ٹیبلوز، ڈرامے، تقریریں، کلچرل پرفارمنس، علاقائی رقص اور ملی نغمے بھی پیش کئے گئے ۔

اس تقریب میں میڈیا نمائندگان، سفارت کاروں، پارلیمنٹیرین، ملٹی نیشنل کمپنیز، نیشنل اور انٹرنیشنل این جی اوز کے نمائندوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیاتھا۔

اس موقع پر آنے والے مہمانوں نے پاکستان بیت المال کی کاوشوں کو سراہا اور منیجنگ ڈائریکٹر کے آٹومیشن،  ڈیجیٹلائزیشن اور ادارے میں شفافیت لانے کے دیگر اقدامات کی تعریف کی اور مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔