پہاڑوں کا عالمی دن؛ پاکستان کے بلند پہاڑی سلسلے قدرت کا انمول تحفہ ہے، اس کا تحفظ ہونا چاہئے، نذیرصابر

46

 

اسلام آباد،11 دسمبر(اے پی پی): ماونٹ ایوریسٹ سر کرنے والے پاکستانی کوہ پیما نذیر صابر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بلند وبالا پہاڑوں کے سلسلے قدرت کا عظیم تحفہ ہے اور اس تحفہ کی حفاظت اور دیکھ بال تنہا حکومت کے لئے ممکن نہیں جب تک کے عوام خود اپنے ان قدرتی خزانوں کی حفاظت کا احساس کرکے اقدامات نہیں کرتے۔

وہ پاکستان ٹوررازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے زیراہتمام پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع پر یہاں ایک قومی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ کانفرنس سے پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر افتاب الرحمن، کے ٹو سر کرنے والے پہلے پاکستانی اشرف امان اور دیگر نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں پہاڑوں کا ماحولیاتی نظام بحال کرنے، پہاڑوں کی سیاحت کو ماحول دوست بنانے اور اس طرح کئے موضوعات پر کھلی بحث ہوئی۔

کوہ پیما نذیرصابر نے اس موقع پر کہا کہ کئی ممالک میں سیاحت کو ماحول دوست بنایا گیا ہے۔ پاکستان کے پاس جتنے پہاڑ ہیں، اتنے شاید ہی کسی اور ملک میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ  ہمیں چاہئے کہ پہاڑوں اور جنگلی حیات کی حفاظت کے بارے میں اپنے نصاب میں اسباق شامل کریں اور آنے والی نسل کو قدرت کے ان انمول تحائف کی اہمیت اور قدروقیمت سے آگاہ کریں۔