پاکستان کے بلند پہاڑ سیاحت کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں؛ وزیر سیاحت

48

اسلام آباد، 12 دسمبر(اے پی پی): سیاحت کے وزیرمملکت اور امور نوجوانان پر وزیراعظم کے خصوصی معاون سید وصی احمد فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہزاروں فٹ بلند درجنوں پہاڑی چوٹیاں اس ملک میں سیاحت کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، حکومت نے کوہ پیمائی کی تعلیم کے لئے ادارہ قائم کیا ہے جو نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کمانے کا ذریعہ ہے بلکہ نوجوانوں کو چیلنج کرنے والی ایک صحت مند سرگرمی ہے۔

وہ پہاڑوں کے عالمی دن کی مناسبت سے کوہستان مارگلہ میں ایک ماحول دوست ہائک میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی آفتاب الرحمن اور کے ٹو سر کرنے والے متعدد پاکستانی کوہ پیما موجود تھے۔

وزیرمملکت نے گلگت بلتستان یونیورسٹی اور وزارت سیاحت کے درمیان باہمی تعاون کے ایک سمجھوتے پر بھی دستخط کئے۔ سمجھوتے کے مطابق گلگت بلتستان یونیورسٹی ستر ہزار ایکڑ پر محیط مارگلہ نیشنل پارک میں جنگلی حیات کے لئے بہتر ماحول فراہم کرنے اور پارک کو زیادہ سے زیادہ کارآمد بنانے میں وزارت کی مدد کرے گی۔

اس موقع پر وزیرمملکت نے پاکستان میں سیاحت کے لامحدود امکانات پر گفتگو کی اور پھر تمام شرکاء کے ساتھ مل کر مارگلہ کی پانچویں پگڈنڈی پر پیدل آمدورفت کی۔