پاکستان اورایتھوپیاکے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے جلد قیام کی ضرورت ہے؛وزیرخزانہ شمشاداختر

10

 

اسلام آباد،12دسمبر  (اے پی پی):نگران وفاقی وزیرخزانہ،محصولات واقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر نے پاکستان اور ایتھوپیا کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے جلد قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے  کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادیات سمیت کلیدی شعبوں میں تعاون کی نئی راہوں اور سمت کا تعین ہو سکے گا۔

انہوں نے یہ بات منگل کویہاں   پاکستان میں جمہوریہ ایتھوپیا کے سفیرجمال باقرعبداللہ سے  ملاقات میں کہی  ۔ ملاقات میں  باہمی دلچسپی، اقتصادی، مالی اور سماجی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔   وزیر خزانہ  نے ایتھوپیا کے سفیرکاخیرمقدم کیا اور پاکستان بارے میں ان کی مہارت اور معلومات کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ   دونوں ممالک کے لئے مارکیٹوں اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے  مواقع موجودہیں ۔انہوں نے دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے جلد ازجلدقیام کی ضرورت پرزوردیا اورکہاکہ اس سے  ایسا پلیٹ فارم میسر ہو گا جہاں دو طرفہ تجارتی تعلقات اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری  میں اضافہ کے امور   پر تبادلہ خیال کیا جا سکتا ہے۔

ایتھوپیا کے سفیرنے  نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان کے  مالیاتی شعبے، زرعی، فارماسیوٹیکل اور تکنیکی مصنوعات کے لئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے۔ انہوں نے پاکستانی مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ ایتھوپیا کی   منافع بخش منڈیوں کو تلاش کریں۔ انہوں نے پاکستانی بینکوں کو   ایتھوپیا میں اپنی شاخیں کھولنے کی دعوت دی اورکہاکہ اس سے  سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہو سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایتھوپیا   مالیاتی تبادلے کے پروگرام کے ذریعے پاکستان کے اسلامی بینکاری نظام کو اپنانا چاہتاہے۔