اسلام آباد،12 دسمبر(اے پی پی ): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی 2019 کی منسوخی کو برقرار رکھنے کا بھارتی سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سب سے بڑا فیصلہ ہے۔
منگل کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور پارلیمانی کمیشن برائے انسانی حقوق کے زیر اہتمام “آزادی، مساوات اور انصاف سب کے لیے” کے عنوان پر منعقدہ سیمینار سے خطاب میں مشعال ملک نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیرکے دیرینہ مسائل میں بھارتی طاقت کا بے تحاشہ غیر قانونی استعمال، من مانی حراستوں اور آزادی اظہار پر پابندیوں کے تنازعات ایک پائیدار حل کا متقاضی ہیں۔
اس موقع پر وفاقی شرعی عدالت اسلام آباد کے عالم جج جسٹس ڈاکٹر محمد سید انور ، سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان، ڈاکٹر محمد رحیم اعوان، ریکٹربین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ ملک اور سیمینار کے دیگر مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی متفقہ طور پر مذمت کی۔