اسلام آباد،13دسمبر(اے پی پی): ہائر ایجوکیشن کمیشن، پرائم منسٹرزیوتھ پروگرام، حکومت پاکستان اور برٹش کونسل پاکستان کے مابین گرین یوتھ موومنٹ کی مصروفیات پر تعاون کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط ہو گئے ہیں جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کی معاشی اور سماجی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔
وزیر مملکت برائے سیاحت اور معاون خصوصی برائے امور نوجوانان وصی شاہ نے تقریب میں بطور مہمان ِ خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں ڈاکٹر علی ملک، ڈپٹی سیکرٹری پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام ، اویس احمد،مشیر ہائر ایجوکیشن کمیشن،اور برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر جیمز ہیمپسن بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اپنی مختصر گفتگو میں معاون خصوصی برائے امور نوجوانان وصی شاہ نے کہا کہ تعاون کا مقصد ضروری صلاحیت سازی اور تکنیکی مدد فراہم کر کے تربیتی موادتخلیق کرناہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی کے لئے مضبوط شراکت داری کی تعمیر کلیدی حثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین یوتھ مومنٹ پروجیکٹ کے تحت، پاکستان کی 137 یونیورسٹیوں میں جم کلب قائم کیے ہیں۔
معاون خصوصی برائے امور نوجوانان وصی شاہ نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد نوجوانوں کوآب و ہوا کےدرپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیات کو بروئے کار لانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لرننگ مینجمنٹ سسٹم تیار کریں گےجس کے تحت موسمیاتی کارروائی کے لیے نصاب تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پائیدار تربیت فراہم کرنے کے لیے ماسٹر ٹرینرز فراہم کیے جائیں گے، ایسے پروگرام نوجوانوں کی مختلف سرگرمیوں میں شمولیت اور تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔
اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی، ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ یہ مشترکہ کوشش پاکستان میں نوجوانوں کی معاشی اور سماجی ترقی کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے،سہ فریقی شراکت داری کا مقصد ملک میں نوجوانوں کے منظر نامے پر دیرپا اثر پیدا کرنا ہے۔
باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر کنٹری ڈائریکٹر، برٹش کونسل نے کہا کہ سہ فریقی شراکت داری نوجوانوں کو موسمیاتی بحران کے تناظر میں مستقبل کے لیڈر بنانے میں مدد دے گی۔