اسلام آباد،15 دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کے الیکٹرک کے ساتھ دستخط کیے جانے والے پی پی اے اے،آئی سی اے، ٹی ڈی اے اور ثالثی معاہدوں کے مسودے کی منظوری کا معاملہ زیر غور آیا۔
تفصیلی بحث اور غور و خوض کے بعد ای سی سی نے کے الیکٹرک اور حکومتی اداروں کے درمیان پی پی اے اے، آئی سی اے، ٹی ڈی اے اور ثالثی کے معاہدوں پر دستخط کرنے کے لیے پاور ڈویژن کی تجویز کو منظور کرنے کا فیصلہ کیا۔
ای سی سی نے پاور ڈویژن کو کے الیکٹرک کے جنریشن بڑھانے کے منصوبے سے متعلق معاملہ کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کی، جس میں بجلی کی قیمت کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے نتیجے میں ملنے والی سبسڈیز پر توجہ مرکوز کرے۔
اجلاس میں وزیر برائے مواصلات، ریلویز اور بحری امور شاہد اشرف تارڑ، وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد، وزیر برائے بجلی و پیٹرولیم محمد علی، وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نےشرکت کی۔











