لاہور،17دسمبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے وفد کے ہمراہ اتوار کو یہاں سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی ، اے آئی جی آپریشنز پنجاب ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، وفد میں جوائنٹ الیکشن کمشنر سائیں بخش چنہڑ اور ڈائریکٹر الیکشنز عبدالحمید شامل تھے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے 08 فروری 2024ء کے پر امن اور شفاف انتخابات کیلئے پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ اے آئی جی آپریشنز پنجاب ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ آئی جی نے کہا کہ پنجاب پولیس انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے پوری طرح تیار ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر صوبہ بھر میں عام انتخابات کے موقع پر سکیورٹی انتہائی سخت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کیلئے آپریشنل، لاجسٹکس اور سٹریٹجک امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے،51 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز کو حساسیت کے اعتبار سے 03 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
آئی جی نے کہا کہ صوبے میں عام انتخابات کے دوران پنجاب پولیس کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد نفری سکیورٹی کے فرائض انجام دے گی اورالیکشن کمیشن کی جاری کردہ ہدایات وضابطہ اخلاق کی پاسداری پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کاغذات نامزدگی کے موقع پر رش کے تناظر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران تمام پولنگ سٹیشنز، آراوز دفاتر، تعینات افسران و عملے اور ووٹرز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے،کسی بھی شخص و ملک دشمن عناصر کو الیکشن کے پرامن عمل کو سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر اور دیگر افسران نے عام انتخابات کیلئے پنجاب پولیس کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا،آئی جی نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران کو الیکشن کمیشن افسران کے ساتھ کوآرڈینیشن مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔











