اسلام آباد،18دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت سید مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ عربی زبان کی خدمت بھی عبادت ہے اور ترقی کا واحد حل تعلیم کو ترجیح دینے میں پنہاں ہے۔
پیر کو یہاں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام “عربی زبان کے فروغ میں اداروں اور افراد کا کردار”کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت سید مدد علی سندھی نے کہا کہ عربی کے فروغ میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا کردار مثالی ہے جہاں مصر، سوڈان، سعودی عرب سمیت دیگر کئی ممالک کے اساتذہ بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے اداروں کو معاشرے میں بڑھانا ہوگا اور جامعہ کے طرز تعلیم کو باقی جامعات بھی اپنائیں ۔
کانفرنس سے یمن کے سفیر محمد مطہر العشبی نے خطاب کرتے ہوے کہا عربی قران کی زبان ہے، ہم نماز تک عربی میں پڑھتے ہیں، عربی کے فروغ کے لے اقدامات کیے جائیں ۔
قائمقام صدر جامعہ ڈاکٹر عبدالرحمن نے کہا کہ معاشی اور علمی ترقی میں عربی زبان کا کردار اہم ہے اور قرآن فہمی اور عربی کے فروغ میں تعلیمی ادارے بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں ۔
کانفرنس سے کلیہ عربی کے ڈین ڈاکٹر فضل اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے اگاہ کیا اور عربی زبان کی نصاب میں لازمی شمولیت کی تجویز دی۔کا نفرنس سے ڈاکٹر حبیب الرحمٰن عاصم نے عرب شاعری اور اس کی فصاحت پر مدلل گفتگو کی جبکہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔