بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے بورڈ کا آٹھواں اجلاس،اتھارٹی کی فعالیت کے لئے خصوصی کمیٹی کاقیام

25

کوئٹہ، 20 دسمبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے بورڈ کا آٹھواں اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں نگران صوبائی وزرا امجد رشید،  ڈاکٹر قادر بخش بلوچ ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ،  محکمہ خزانہ ، نیف ٹیک اور دیگر متعلقہ اداروں و محکموں کے حکام نے شرکت کی ،وزیر اعلیٰ نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اتھارٹی کی فعالیت کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کرتے ہوئے  ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ دور جدید میں  پوری دنیا میں روایتی کے بجائے  فنی تعلیم و تربیت پر توجہ  اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں ہنر مندی کی تربیت فراہم کرکے نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کی جا رہی ہے ،اس لئے ضروری ہے کہ ہم بھی فنی تعلیم کے اداروں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں فعال کرکے ہنر مندو کاریگر افرادی قوت پیدا کریں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتھارٹی کی فعالیت کے لئے قائم  کمیٹی اقدامات تجویز کرکے عمل درآمد کو  یقینی بنائے “بی ٹیوٹا ” کی فعالیت کے لئے مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں ،اتھارٹی کے لئے قائم فنڈ پر حاصل شدہ ماہانہ آمدن کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں  نے ہدایت کی کہ بی ٹیوٹا کے آئندہ بورڈ اجلاس میں اتھارٹی کی فعالیت کے لئے جامع ورک پلان پیش کیا جائے تاکہ فنی تعلیم کے اس اہم ادارے کو جلد از جلد فعال کرکے کارگر بنایا  اور نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ٹیکنیکل ٹریننگ اور تعلیم کی فراہمی کے عمل کو وسعت دی جاسکے۔