اسلام آباد،21دسمبر(اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے خزانہ ، محصولات و اقتصادی ترقی ڈاکٹر شمشماد اختر نے کہا ہے کہ ایکزم بینک پاکستان میں ایکسپورٹ صنعت کے فروغ کے لئے ایک نئی شروعات ہے، اس بینک کا قیام سے پاکستان کی معیشت اور بینکاری کے لئے اہم ہے، اس کا ماڈل پاکستان کے تجارتی مالیاتی ڈھانچے کی تشکیل میں اہم کردار کرے گا۔
جمعرات کو یہاں ایکزم بینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں نگران وفاقی وزیر برائے خزانہ ، محصولات و اقتصادی ترقی ڈاکٹر شمشماد اختر نے ایکزم بینک کے شاندار آغاز پر انتظامیہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی اور برآمدات اور درآمدات کے فروغ کے لئے اس قسم کے اقدامات کو حکومت سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکزم بینک کا آغاز پاکستان میں برآمدات اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے حکومتی ویژن کی حمایت کرے گا جبکہ پاکستان کی ایکسپورٹ کے فروغ اور پاکستانی ایکسپورٹرز کیلئے سہولت کاری میں معاون ثابت ہوگا ۔
نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشماد اختر نے کہا کہ اس بینگ کے قیام سے پاکستانی ایکسپورٹرز کو کریڈٹ انشورنس اور گارنٹی کی خدمات بھی میسرہونگی اور بینک ایکسپورٹرز کو تجارت مالیات اور انشورنس کوریج فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایکزم بینک پاکستان میں ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس مصنوعات لائے گا، اس سے ایکسپورٹرز کو بیرونی وصولیوں کے کرافٹ ڈیفالٹ سے بچنے میں مدد ملے گی۔
نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشماد اختر نے کہا کہ ایکسپورٹ فنانس سکیم کا اجرا بھی کیا جا رہا ہے، حکومتی اصلاحاتی پروگرام کے طور پر ایکسپورٹ فنانس سکیموں کی انتظامیہ کو سٹیٹ بینک سے دور کر رہے ہیں ، ای ایف ایس اسکیم کا انتظام ایکزم بینک کے ذریعے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ای ایف ایس سکیم کی نگرانی کرے گا اور اس کی اہلیت اور تقسیم کے لئے قواعد وضع کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری دنیا میں ایکزم بینک بین الاقوامی تجارت اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی مالیاتی ادارے امپورٹرز اور ایکسپورٹرز اور سرمایہ کاروں کو متعدد مصنوعات اور خدمات فراہم کرتے ہیں ۔
نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشماد اختر نے کہا کہ گزشتہ سال دنیا بھر میں ایکزم اداروں کی طرف سے تقریباً 2.5ٹریلین ڈالر کی تجارتی مالی اعانت فراہم کی گئی۔ اس سے ساٹھ سے زائد ممالک کی برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ2012 میں ایکزم بینک کے آغاز کے بعد ایکزم بینک کی کامیابی ویتنام میں دیکھی جا سکتی ہے۔