اسلام آباد،21 دسمبر(اے پی پی):الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں میڈیا ، قومی و مقامی مبصرین کیلئے انتخابی عمل کا مشاہدہ کرنے کیلئے 11 نکات پر مشتمل ایس او پیز کر دئیے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی اور پاسداری کے لئے ایکریڈیشن کارڈز جاری کئے جائیں گے۔ قومی، مقامی این جی اوز ، سول سوسائٹی کی تنظیموں، قومی اور مقامی میڈیا سے وابستہ افراد اپنے ادارے کے لیٹر پیڈ پر ایکریڈیٹیشن کارڈ کیلئے درخواستیں دیں گے۔
درخواست گزاروں کو اپنی تنظیموں کے سربراہان کی جانب سے اپنے طرز عمل سے متعلق حلف نامہ بھی دینا ہو گا۔درخواست گزار سکیورٹی اہلکاروں اور انتخابی عملہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں کمیشن کسی بھی وقت کسی بھی ایکریڈیٹیشن کارڈ کو منسوخ کرنے کا بھی اختیار رکھتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے لیے سیاسی جماعتوں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضابطہ اخلاق الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پربھی موجود ہے ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار ایسی رائے کا اظہار نہیں کریں گے جو نظریہ پاکستان، ملکی خودمختاری، سلامتی، سالمیت کے خلاف ہو۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں ایسی رائے کا بھی اظہار نہیں کریں گی جس سے عدلیہ یا فوج کی شہرت کو نقصان پہنچے یا ان کی تضحیک ہو، اس کے علاوہ سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب کریں گی۔