اسلام آباد،22 دسمبر (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور کے مطابق ریگولر حج سکیم میں درخواست جمع کروانے کا 22 دسمبر آخری دن ہے۔بینک اوقات کے اختتام کے ساتھ ہی ریگولر حج سکیم میں داخلہ بند ہو جائے گا جبکہ سپانسرشپ حج سکیم میں داخلہ کیلئے 31 دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کو ریگولر سکیم میں موصولہ حج درخواستوں کی تعداد مختص کیے گئے کوٹہ سے بڑھ چکی ہیں جس کے بعد 28 دسمبر کو خوش نصیب عازمینِ حج کی قرعہ اندازی کی جائے گی۔
ریگولر حج سکیم میں آج نماز جمعہ تک 66 ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوئی ہیں جبکہ بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی تاحال جاری ہے۔
سمندر پار پاکستانیوں کے اصرار پر سپانسرشپ سکیم میں مزید 9 دن کی توسیع کی گئی ہے۔ سپانسرشپ سکیم میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستوں کی وصولی 31 دسمبر تک جاری رہے گی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے لیے یا اپنے پیاروں کیلئے سپانسرشپ حج سکیم میں 31 دسمبر تک ڈالر میں رقوم بھجوا سکیں گے۔
سعودی ایویشن اتھارٹی GACA نے فضائی کمپنیوں کو متوقع حج پروازوں کا شیڈول جمع کرانے کیلئے 2 جنوری کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کا موقف ہے کہ انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کیلئے اب مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔ وزارت نے حج درخواست گذاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ بینک سے کمپیوٹرائزڈ حج فارم کی دستخط شدہ کاپی ضرور حاصل کریں۔ کوائف میں غلطی کی صورت میں متعلقہ بینک سے فوری درستگی کروائیں