صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر کا سندس فائونڈیشن کا دورہ، صدرفائونڈیشن نے بریفنگ د ی ،لیبارٹریز کا معائنہ کروایا

31

 

لاہور،23دسمبر  (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر نے ہفتہ کو یہاں سندس فائونڈیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر فائونڈیشن کے صدر محمد یاسین نے  سٹاف کے ہمراہ ان کا استقبال کیا اور انہیں خون کی منتقلی کی سہولیات و عطیات کی وصولیوں کے میکانزم پر بریفنگ دیتے ہوئے سینٹر میں موجود لیبارٹریوں کا معائنہ کروایا۔

 صوبائی وزیر نے تھلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں میں تحائف تقسیم  کئے جبکہ  فائونڈیشن کے زیر اہتمام مسیحی بچوں کیلئے  منعقدہ تقریب میں کرسمس کا کیک کاٹا اور بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں بانٹنا اعزاز ہے، تھیلیسیمیا ایک اذیت ناک مرض ہے جس میں مریض اور اس کے لواحقین دونوں کو تکلیف سے گزرنا پڑتا ہے،مریض کے لیے بیماری اور لواحقین کے لیے خون کا بروقت انتظام ایک امتحان ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ منو بھائی نے مریضوں کو خون کے عطیات کی مفت فراہمی کے لیے سندس فائونڈیشن قائم کر کے عظیم خدمت سر انجام دی جو انھیں ہمیشہ زندہ رکھے گی، سندس فائونڈیشن گزشتہ26 سال سے خون کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو خون کے مفت عطیات مہیا کرنے اور تھلیسیمیا مرض میں مبتلا نوزائیدہ بچوں سے لیکر 45سال تک کے مریضوں کی خون کی ضروریات پوری کر رہی ہے۔

 عامر میر نے تقریب میں موجود میڈیا نمائندگان کو عوامی آگاہی کا ذریعہ بناتے ہوئے بتایا کہ بچوں میں تھیلیسیمیا کے مرض پر کنٹرول کے لیے ضروری ہے کہ والدین شادی سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو یقینی بنائیں اور مسلسل کزن میرج سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ میں کزن میرج پر کنٹرول کے لیے باقاعدہ قانون متعارف کروایا جا چکا جبکہ پنجاب میں قانون سازی کا عمل جاری ہے۔

کرسمس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشرے  سے عدم برداشت اور تشدد کے خاتمے کے لیے ایک دوسرے کے نظریات کا احترام ضروری ہے، کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یک جہتی بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔

فائونڈیشن کے صدر  محمد یاسین نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ سندس فائونڈیشن لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور اسلام آباد سمیت 10سے زائد شہروں میں خدمات سر انجام دے رہی ہے اور تھیلیسیمیا  کے سات ہزار سے زائد مریض فائونڈیشن سے استفادہ کر رہے ہیں۔