مذہبی پلیٹ فارمز کو ملک میں خواندگی اور ذہنی تندرستی کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے؛صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

18

 

اسلام آباد،23دسمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مذہبی پلیٹ فارمز کو ملک میں خواندگی اور ذہنی تندرستی کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے،تعلیم اور ذہنی تندرستی کو فروغ دینے کے لیے پیش امام اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

ان خیالات  کا  اظہار انہوں نے دارالعلوم کراچی کے علماء کے وفد سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے  ہفتہ کو یہاں گورنر ہاؤس کراچی میں   گورنر سے ملاقات کی ۔نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر انیق احمد اور دارالعلوم کراچی کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مذہبی پلیٹ فارمز کو ملک میں خواندگی اور ذہنی تندرستی کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے،تعلیم اور ذہنی تندرستی کو فروغ دینے کے لیے پیش امام اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ذہنی صحت اور تندرستی کیلئے ایک ٹول کٹ کو جلد از جلد تیار کیا جانا چاہیے۔

صدر مملکت نے صحت اور تعلیم کے رہنما خطوط پر عمل کرانے کے لیے معاشرے کے سرکردہ افراد اور مساجد کے پیش اماموں کی شمولیت پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ مساجد اور دینی مدارس کو ملک میں فروغ تعلیم اور فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، ملک کے تقریباً 36 فیصد سکول نہ جانے والے بچوں کی تعلیم کیلئے مساجد و مدارس کے ساتھ مل کر ہر ممکن کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں معاشرے میں صحت اور تعلیم کے رہنما اصولوں کے فروغ میں مساجد کے کردار پر بھی گفتگو کی گئی۔اجلاس میں صحت اور تعلیم کے جامع رہنما خطوط کو فروغ دینے کے لیے حکومت اور مذہبی اداروں کے درمیان باہمی تعاون پر مبنی نقطہ نظر تیار کرنے پر غور کیا۔قبل ازیں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیونگ اینڈ لرننگ کے وفد نے بھی نفسیاتی صحت سے متعلق صدر مملکت سے ملاقات کی۔