کراچی، 25 دسمبر (اے پی پی): وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی ،اسلامی ممالک ومشرق وسطی و چيئرمين پاكستان علماء كونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے کہا ہے کہ علمائے کرام اور اقلیتیں بشمول مسیحی برادری ملک کے امن اور ترقی کے لیے متحد ہیں۔
یہ بات انہوں نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس منانے کے لیے ہولی ٹرنٹی کیتھیڈرل کے دورے کے موقع پر کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفى نے اس موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتیں بشمول عیسائی، سکھ اور ہندو ملک میں اپنی عبادت گاہوں میں جانے کے لیے آزاد ہیں اور ان کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔