آئی پی او اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے سلسلے میں مفاہمت کی دستاویز پردستخط کردئیے

20

اسلام آباد،26دسمبر (اے پی پی):انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن (آئی پی او) اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے آئی پی او پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن اور آٹومیشن کے سلسلے میں مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کر دئیے ہیں، ڈائریکٹر جنرل آئی پی او شازیہ عدنان اور ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی صائمہ آر شیخ نے عام لوگوں اور کاروبار کی سہولت کے لیے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے دستاویز پر دستخط کئے۔
چیئرمین آئی پی او سفیر فرخ عامل نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی آگاہی اس وقت آئی پی او کی سب سے بڑی ترجیح ہے اور اس معاہدے سے کاروباری طبقے اور خاص طور پر نوجوانوں کو فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ہم پی آئی ٹی بی کے تعاون سے آئی پی او کی ڈیجیٹلائزیشن پر کام کر رہے ہیں جو عصر حاضر میں اداروں کو جدید بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے، اس سے عوام اور کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم ہوں گی۔ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان اس وقت زیادہ تر آئی ٹی اور سوشل میڈیا سے جڑے ہوئے ہیں، اس سہولت کے بعد وہ آئی پی او میں آن لائن شکایات درج یا دیگر سہولیات کے حوالہ سے معلومات حاصل کر سکیں گے ۔
فرخ عامل نے کہا کہ آئی پی او اس وقت یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو آگاہی مہم کے سلسلے میں اقدامات کررہاہے جس سے نوجوانوں میں مالیاتی تعلیم کا رجحان فروغ پائیگا، امیدہے کہ آئی پی او میں آٹومیشن کے بعد ادارے میں شفافیت بڑگی گی۔
ڈائریکٹر جنرل آئی پی او شازیہ عدنان نے کہا کہ پی آئی ٹی بی کے ساتھ معاہدے کے بعد آئندہ دو ماہ میں آن لائن ادائیگیوں اور دیگر دستاویزات کے عمل کو آسان بنایا جائے گا،اس سے آئی پی او میں کاروبار کرنے میں آسانی کو بھی فروغ ملے گا۔معاہدے کے ذریعے 27 مختلف چینلز بشمول آن لائن بینکنگ اور ایپس کے ذریعے دستاویزات یا ادائیگی کے عمل کو انجام دیا جا سکتا ہے جس سے لوگوں کو سہولت ملے گی۔
ڈی جی پی آئی ٹی بی صائمہ آر شیخ نے کہا کہ پی آئی ٹی بی فی الحال آئی پی او کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ادارہ جاتی مدد فراہم کر رہا ہے جس سے آئی پی او کے طریقہ ہائے کار کو لوگوں کیلئے آسان بنایا جائے گا۔ آن لائن عمل سے آئی پی او میں کاروبار کرنے میں آسانی ہوگی بہتر ہوگی اور اداروں کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا، آن لائن سسٹم کے آنے کے بعد خدمات اور ترسیل کا نظام بہتر ہوگا ۔