سکھر،26دسمبر(اے پی پی): آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے سکھر اور لاڑکا نہ کا دورہ کیا اور دوران اجلاس کچے میں امن و امان کی صورتحال سمیت بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے مزید ضروری احکامات جاری کئے۔
آئی جی سندھ نے شہدائے پولیس کانفرنس ہال لاڑکانہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لاڑکانہ رینج سمیت دیگر اضلاع کے امن و امان سے متعلق بریفنگ لینے کے بعد ہدایات دیں کہ شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر حفاظتی انتظامات ہر لحاظ سے جامع اور فول پروف بنائے جائیں۔
قبل ازیں آئی جی سندھ نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں جلسہ گاہ، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم اور پارکنگ ایریاز کے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ گڑھی خدا بخش میں فرائض پر مامور پولیس جوانوں کے طعام، رہائش سمیت فلاح کے اقدامات کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں۔
آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے سکھر دورے کے دوران منعقدہ اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ لینے کے بعد اجلاس میں شریک سینئر پولیس افسران سے کچے کے علاقوں میں امن وامان کی صورتحال سمیت ڈکیتوں کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں پولیس کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور ضروری احکامات دیئے۔