مزار بی بی پاکدامن کا 97 فیصد کام مکمل،مزار کو 31 دسمبرسے قبل زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا؛وزیر اعلی پنجاب

19

 

لاہور،26دسمبر  (اے پی پی):مزار بی بی پاکدامن کا 97 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے  31 دسمبرسے قبل زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا۔

وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کی تزئین وآرائش وتوسیعی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔وزیراعلی  نے پروجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا اورجاری کاموں کا مشاہدہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے مزارکے مرکزی حصے اور گنبدوں کے فنشنگ ورک اور تزئین و آرائش کے کام کا مشاہدہ کیا۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ دئیے جلانے کے لیے علیحدہ جگہ مخصوص کی جائے اور مزار کے مرکزی حصے میں خوبصورت لائٹس لگائی جائیں۔

محسن نقوی نے مزید ہدایت کی کہ تزئین وآرائش کے تمام کام اعلی معیار کے ساتھ مکمل کئے جائیں اورمزار کے راستے کو کشادہ کرنے کا کام جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ راستہ کشادہ ہونے سے زائرین کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور سیکرٹری اوقاف کو منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے ہدایات دیں۔

وزیراعلی محسن نقوی نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی،استحکام اور فلسطینی مسلمانوں کی سلامتی کے لئے دعا کی۔

صوبائی وزرا منصور قادر، اظفر علی ناصر،عامر میر،مشیر وہاب ریاض، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور،سیکرٹریزاوقاف،تعمیرات و مواصلات،سی سی پی او لاہور،کمشنر لاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنر لاہور،سی ٹی او لاہور،چیف انجینئر بلڈنگز محکمہ تعمیرات و مواصلات،ڈائریکٹر پروجیکٹس محکمہ اوقاف،آغا شاہ حسین قز لباش اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔