ایبٹ آباد، 26 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ و ہنر مند خواتین صرف اپنے خاندان نہیں بلکہ ملک و قوم کیلئے فخر کا باعث ہیں، خواتین جدید ٹیکنالوجی سے گھر بیٹھے کاروبار کا آغاز کر سکتی ہیں۔
وہ منگل کو یہاں گورنمنٹ وویمن کالج برائے کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز ایبٹ آباد کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرررہے تھے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم نے تعلیم سے ہی دنیا کا مقابلہ کرنا ہے، تعلیمی کامیابی حاصل کرنے والی طالبات اور بالخصوص والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت پرائمری سطح پر بھی لڑکیوں کو تعلیم سے دور رکھا گیا، آج ہمارے صوبہ کی بچیاں پرائمری سے لے کراعلیٰ تعلیم تک لڑکوں سے تعداد میں زیادہ ہیں،طالبات صرف تعداد میں ہی نہیں بلکہ نمایاں تعلیمی پوزیشنوں میں بھی آگے ہیں۔
حاجی غلام علی نے کہا کہ خواتین کو اپنی تعلیم کو استعمال میں لاتے ہوئے معاشرتی و ملکی ترقی میں برابر کا حصہ دار بننا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین صرف اپنے خاندان نہیں بلکہ ملک و قوم کیلئے فخر کا باعث ہیں ، جدید ٹیکنالوجی سے طلباء وطالبات کو لیس کرنا انتہائی ضروری ہے۔
قبل ازیں گورنرخیبرپختونخوا نے گورنمنٹ وویمن کالج برائے کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز ایبٹ آباد سے تعلیم مکمل کرنے والی طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں۔