حکومت آئی ٹی کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے، انوار الحق کاکڑ

23

اسلام آباد،27دسمبر  (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آئی ٹی  کا شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، حکومت آئی ٹی کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے  اور اس ضمن میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ  کو یہاں اپنی زیر صدارت سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے پانچویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ   پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کی بے  حد استعداد  موجود ہے ۔

 وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان میں آئی ٹی کی ترقی اور ترویج کے لئے دنیا بھر سے آئی ٹی ماہرین کو راغب کرنے کے لئے ضروری پالیسیاں بنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے  اور اس حوالے سے مثبت پیشرفت بھی ہوئی ہے۔

اجلاس نے سپشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے چوتھے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی  جبکہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کی بجٹ اور فنانس ، آڈٹ اور ٹیکنیکل کمیٹیوں کی تشکیلِ نو کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس نے اتھارٹی کی لائسنسنگ فریم ورک ، اتھارٹی پروسیجرز اور فیس ریگولیشنز کے مسودات کو ٹیکنیکل کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے حوالے مختلف امور زیر بحث آئے ۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹریز کابینہ ، خزانہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سائینس اینڈ ٹیکنالوجی، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز  اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔