پشاور،27 دسمبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ نے بدھ کو ہزارہ ڈویژن کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے ایوب کالج آف ڈینٹسٹری کا باضابطہ افتتاح کیا۔ ارشد حسین شاہ نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں آن لائن کمپلینٹ منیجمنٹ اینڈ پیشنٹ فیسیلیٹیشن سنٹر اور کورنیا ٹرانسپلانٹ سروس کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال ہزارہ ڈویژن کا سب سے بڑا تدریسی ہسپتال ہے، ہسپتال کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کا جلد اجلاس بلایا جائے گا۔
ارشد حسین شاہ نے واضح کیا کہ نگران وزیراعظم کے اعلان کی روشنی میں صوبائی کابینہ نے ایوب میڈیکل کالج اور خیبر میڈیکل کالج کو یونیورسٹیز کا درجہ دینے کی اصولی منظوری دیدی ہے، کابینہ کی منظوری کے بعد اس سلسلے میں پراسس شروع کیا گیا ہے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور الیکشن کمیشن سے این او سی ملنے کے بعد دونوں یونیورسٹیز کے لئے آرڈیننس جاری کیا جائے گا۔