لاہور،27دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت ہسپتال میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے سروسز ہسپتال میں ڈرینج کی نئی لائن بچھانے کے حوالے سے موقع پر ہی ایم ڈی واسا کو احکامات جاری کئے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں نکاسی آب کا نظام تبدیل کیا جائے گا اور ڈرینج کے لئے نئے پائپ بچھائے جائیں گے، سروسز ہسپتال میں پانی کی فوری نکاسی کیلئے پمپنگ سٹیشن بھی بنایا جائے گا۔وزیراعلی نے وارڈز،کوریڈور اور مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیا اور اپ گریڈیشن کا کام اعلی معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے اس موقع پر مزدوروں سے بات چیت کی اور انہیں مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔
صوبائی وزرا عامر میر،اظفر علی ناصر،مشیر وہاب ریاض،سیکرٹری ہاوسنگ،سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔