لاہور،27دسمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ میڈیکل یونیورسٹیوں میں فیملی میڈیسن شعبہ کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، فیملی میڈیسن کے شعبہ کو مضبوط بنا کر نہ صرف بہت سے امراض پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ ہسپتالوں پر مریضوں کا دبا ئوبھی کم کیا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز (پی اے ایف پی)کے وفد سے گفتگو میں کیا، وفد نے صدر طارق محمود میاں کی قیادت میں بدھ کو یہاں گورنر ہائوس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ فیملی فزیشنز کا پرائمری ہیلتھ کیئر میں اہم کردار ہے۔
گورنر پنجاب نے پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے فیملی میڈیسن کے شعبے کو مضبوط بنانے اور ڈاکٹروں کی ٹریننگ میں کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل یونیورسٹیوں میں فیملی میڈیسن کے شعبے کے فروغ کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ فاطمہ جناح یونیورسٹی میں وائس چانسلر خالد مسعود گوندل کی قیادت میں فیملی میڈیسن کے شعبے کا آغاز ہو چکا ہے، امید ہے اس کے حوصلہ افزا نتائج نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس اور بلند فشار خون جیسی بیماریوں کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ پریشان کن ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ فیملی میڈیسن اور پرائمری صحت کے شعبے کو مضبوط بنا کر نچلی سطح پر عوام کو ان بیماریوں کے خلاف آگہی اور بروقت علاج کی سہولت فراہم کر کے ان پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیملی فزیشنز نے کووڈ وبا اور ڈینگی سمیت زلزلہ اور سیلاب کے دوران قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔
اس موقع پر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے صدر طارق محمود میاں نے کہا کہ فیملی فزیشنز کی ایسوسی ایشن کا مقصد بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو بلند کرنا اور فیملی فزیشنز کو میڈیکل پریکٹس میں بہترین صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
وفد میں ڈاکٹر سعید احمد،ڈاکٹر ایم طاہر چوہدری،ڈاکٹر ناہید ندیم،ڈاکٹر سجاد احمد ملک،ڈاکٹر ایم عاصم شفیق،ڈاکٹر عبدالرحمن اور ڈاکٹر کیپٹن اشفاق قریشی سمیت دیگر موجود تھے۔