وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی دلچسپی کی بدولت 10 سال بعد ایل ڈی اے سٹی کے الاٹیز کو قبضہ مل گیا،صوبائی وزیرہاؤسنگ اظفر علی ناصر

34

 

لاہور، 30 دسمبر(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ایل ڈی اے سٹی میں الاٹیز کا دیرینہ مسئلہ حل کیا گیا ہے اور 10سال بعد ایل ڈی اے سٹی میں لوگوں کو پلاٹ کے قبضے دیئے گئے ہیں، ایل ڈی اے سٹی میں الاٹیز کو قبضہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی دلچسپی کی بدولت ممکن ہو سکا۔ ان خیالات کا اظہار نگران وزیر ہاؤسنگ اظفر علی نے آج یہاں ایک خصوصی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر نے الاٹیز میں پلاٹوں کے قبضہ کے لیٹرز تقسیم کیے اس کے علاوہ سیکرٹری ہاؤسنگ ساجد ظفر ڈال اور کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بھی الاٹیز میں لیٹر زتقسیم کیے۔ خصوصی تقریب میں جناح سیکٹر سی بلاک کے 100 الاٹیز کو پوزیشن لیٹرز دیئے گئے۔

 صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آج کی اس تقریب میں ہم نے جناح سیکٹر سی بلاک میں لوگوں کو انکے پلاٹوں کا قبضہ دیا ہے۔ 2001کنال پر مشتمل سی بلاک میں 5,10 مرلے، ایک اور دو کنال کے کل 15 سو پلاٹس ہیں، لوگ اپنے بقایا واجبات ادا کرکے قبضہ لے سکتے ہیں اور گھر کی تعمیر کا آغاز کر سکتے ہیں۔ جناح سیکٹر،سی بلاک کے بعد مرحلہ وار دیگر بلاکس اور پھر اقبال سیکٹر کے پوزیشن بھی دیئے جائیں گے۔ یہ سکیم انتہائی آئیڈیل لوکیشن فیروز پور روڈ، رنگ روڈ اور ڈیفنس روڈ پر واقع ہے۔

 صوبائی وزیر ہاﺅسنگ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ایل ڈی اے سٹی مستقبل قریب میں ایک نیا شہر ہو گا۔ ایل ڈی اے سٹی میں تھیم پارک، ہیلتھ، ایجوکیشن، انڈسٹریل بلاک کے علاوہ کمرشل سرگرمیوں کا نیا مرکز بنے گا۔ 42 کنال پر مشتمل سپورٹس کمپلیکس آئندہ چند ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ بلائنڈ کرکٹ اسٹیڈیم مکمل تیار ہے، اس کے علاوہ ماڈل قبرستان، گالف کورس، مساجد سمیت دیگر سہولیات بھی دستیاب ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی میں بجلی کے کنکشن کے لیے درپیش تمام مسائل نیپرا سے مل کر دور کر لیے گئے ہیں۔ بجلی کے کنکشنز جلد لگوانے کے لیے ایل ڈی اے اور لیسکو مل کر کام کر رہا ہے جو جلد کر لیا جائے گا۔ سکیم میں لینڈ ایکوزیشن اور ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے بارے ایل ڈی اے کی ٹیم کام کر رہی ہے۔ لینڈ ایکوزیشن کے لیے ایوارڈ کا اجراءبھی رواں ہفتے کر دیا گیا ہے۔

 وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ ہم اس سکیم میں رہائشیوں کو تمام سہولیات کی جلد از جلد فراہمی کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ اس موقع پروزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر نے ایل ڈی اے سٹی میں جامع مسجد کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔انہوں نے اس حوالے سے کہا کہ سی بلاک میں 2 کنال پر مشتمل شاندار مسجد تعمیر کی جائے گی۔

تقریب میں سیکرٹری ہاؤسنگ ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری پی اینڈ ڈی مظفر خان، کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور ایڈیشنل ڈی جیز نے شرکت کی اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن، ایم ڈی واسا، چیف ٹاؤن پلانر، ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر، ایل ڈی اے، واسا، ٹیپا، اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔