کراچی،30 دسمبر ( اے پی پی ): پاکستان نیول اکیڈمی میں 120ویں مڈشپ مین اور 28 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقادکیا گیا ۔اس حوالے سے تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف تھے ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمیشن حاصل کرنے والے 88 افسران میں 12خواتین اور 28 دوست ممالک کے افسران شامل ہیں،نیول اکیڈمی میں بحرین، سعودی عرب، عراق، سری لنکا اور فلسطین کے کیڈٹس زیر تربیت ہیں۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ علاقائی امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا فوری اورمنصفانہ حل ناگزیر ہے، امن کی خواہش کو ہماری کمزور نہ سمجھا جائے ، پاک بحریہ ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی مجموعی سلامتی افغانستان میں دیرپا امن سے مشروط ہے۔ نیول چیف نے غزہ میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطین کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا ۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے کہا کہ سوشل میڈیا کے برے اثرات سے محفوظ رہنا پاکستان نیوی کے ہر فرد کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
پاسنگ آﺅٹ پریڈ تقریب میں مہمانِ خصوصی چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔
مڈشپ میں آیان یامین نے اعزازی شمشیر جبکہ مڈشپ مین ثناءاللہ سفیر نے اکیڈمی خنجر حاصل کیا۔پاسنگ آﺅٹ پریڈ تقریب میں اعلیٰ سول و ملٹری افسران، غیر ملکی مندوبین ، کیڈٹس اوران کے والدین و خاندان کے دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔