کورونا کے نئے ویرئینٹ اومیکرون جے این ون سے متعلق خبروں میں تشویش ہے، وزارتِ صحت

20

 اسلام آباد،2 جنوری( اے پی پی): نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے منگل کو یہاںمیڈیا میں کورونا کے نئے ویرئینٹ سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ کچھ ممالک میں کورونا کا ایک نیا ویرئینٹ Omicron جے این ون رپورٹ ہوا ہے جس کے بارے میں خبروں میں تشویش ہے لیکن وزارت صحت مسلسل صورتحال کی مانیٹر کر رہی ہے۔

ڈاکٹر ندیم جان نے بتایا کہ یہ اومیکرون( Omicron ) کا ذیلی وائرس کچھ ممالک میں پایا گیا ہے اور پاکستان میں ابھی تک جے این ون کا کوئی کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا ہے اور اس ویریئنٹ کے پاکستان میں پھیلنے کا خطرہ بھی بہت کم ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنارہے ہیں کیونکہ احتیاط پھر بھی ضروری ہے لہٰذا انٹر نیشنل ایئر پورٹس کے داخلی اور خارجی راستوں پر مؤثر سکریننگ کا نظام موجودہے جبکہ وزارت صحت نے صوبائی اور علاقائی صحت کے اداروں کو ٹیسٹنگ بڑھانے کا مشورہ دیاہے۔

 عوام کی فلاح کیلئے پیغام دیتے ہوئے ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ سردیوں میں کووڈ یا فلو جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے ماسک کا استعمال کریں۔