لاہور،2 جنوری( اے پی پی ): سال نو کے دوسرے روز بھی عوامی خدمت کا مشن دن رات جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے شدید سردی میں زیر تعمیر نئے راوی پل اور شاہدرہ چوک کے دورے کیے اور راوی برج پر رات کی شفٹ میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے نئے راوی پل کی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور پائلنگ اور ڈرلنگ کے کاموں پر پیشرفت کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پل کی جلد تعمیر کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر دن رات کام کیا جائے اور31 جنوری تک مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شاہدرہ چوک کے اطراف سڑکوں کی تعمیر پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا اورشاہدرہ چوک پر کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند روز میں شاہدرہ چوک کی اطراف کی سٹرکیں اور دیگر کام مکمل ہونے چاہئیں۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر کو موقع پر ہی ہدایات دیں۔کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے اور کنٹریکٹر نے پل کی تعمیر پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راوی برج کے دوران اطراف پائلنگ اور بورنگ کا عمل 24 گھنٹے جاری ہے۔ راوی برج پر پائلنگ کا عمل تیز کرنے کے لیے دو نئی مشینیں لگائی گئی ہیں اور راوی برج پر 11 پائلز مکمل کر لی گئیں۔
راوی برج کے کل 96 میں سے 23 گرڈرز تیار کر لیے گئے۔ منصوبے کے تحت دریائے راوی پر 540 میٹر طویل چار لین پر مشتمل برج تعمیر کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر اظفر علی ناصر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔