پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ جبکہ بھارت میں غیر محفوظ ہیں، حجاج کرام کو حکومت بہترین سفری سہولیات فراہم کریگی ، وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد

31

کوئٹہ، 3جنوری(اے پی پی) : وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہے بھارت میں اقلیتی برادری غیر محفوظ ہیں دنیا کو بھارت کے چہرے کو بے نقاب کرنا چاہیے، رواں سال حجاج کرام کے حوالے سے تمام انتظامات پہلے سے مکمل کرلئے گئے ہیں، حجاج کرام کو حکومت پاکستان اس سال بہترین سفری سہولیات فراہم کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے حاجی کیمپ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں حج پیکج ایک لاکھ کم ہوا ہے اس سے قبل 11 لاکھ 75 ہزار روپے پیکج تھا اور رواں سال 10 لاکھ 75 ہزارکا ہو گیا ہے ،خواتین حجاج کو حکومت مفت عبایہ بھی فراہم کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ پہلے افغان مہاجرین پاکستانی پاسپورٹ استعمال کر کے عمرہ اور حج کے لیے جاتے تھے یہی وجہ ہے بلوچستان سے بہت کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں ،حاجی کیمپ آنے کا مقصدیہ تھا کہ یہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے کوئٹہ میں جوانتظامات جو دیکھے ہیں وہ قابل اطمینان اور تسلی بخش ہیں۔

نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر قسم کا تحفظ میسر ہے بھارت میں ان کی جان مال تک محفوظ نہیں ہے ،انڈیا کے منی پور میں 150مسیحی برادری کے لوگوں کوقتل کیا گیا۔ بھارت نے معاملے کو دبانے کے لیے پاکستان میں جڑانوالہ کا واقعہ رونما کیا ، پاکستان کو بدنام کرنے مذموم کوشش کی گئیں ،حکومت نے بھرپور کوشش کی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کبھی رونما نہ ہوں۔

 انہوں نے کہا اس واقعے کے بعد تمام ملزمان گرفتار کیا گیا جن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، بلوچستان میں مذہبی آ ہنگی سے متعلق سیمینارر خوش آ ئند ہے علمائے کرام کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔