انٹر ریجنل والی بال چیمپئن شپ و ٹیلنٹ ہنٹ پشاور میں شروع ہوگئی

33

پشاور،3جنوری(اے پی پی): پاکستان آرمی اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے تعاون سے انٹر ریجنل والی بال چیمپئن شپ و ٹیلنٹ ہنٹ پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئی جس میں خیبرپختونخوا کے تمام ریجن کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں،چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح بریگیڈیئر انجینئرنگ الیون کورسید دوریزمحمود نے کیا ان کے ہمراہ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا عبدالناصر، پاک آرمی انجنیئرنگ کورکے کرنل عدیل ڈائریکٹر سپورٹس آپریشنز محمد سلیم رضا‘ ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس سید جعفر شاہ‘فقیر محمد اعوان‘ریجنل سپورٹس آفیسر پشاور ذاکر خان سمیت -تمام ریجنز کے ڈی ایس اوز اور دیگر آفیشلز نے شرکت کی

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس عبدالناصر نے بتایا کہ کورکمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات کی خصوصی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2023-24 کا انعقاد کیاجارہا ہے جس میں بیس کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے تین ٹیمیں انڈر16‘انڈر18 اور انڈر21 بنائی جائیں گی اور انہیں کوالیفائیڈ کوچز سے ٹریننگ دلوائی جائے گی۔جن کو پاکستان آرمی کی طرف سے ماہانہ 45 ہزار روپے چھ ماہ تک دیئے جائینگے جبکہ کیمپ کے بعد نیشنل چیمپئن شپ تک ماہانہ پندرہ ہزار روپے دیئے جائینگے۔

پاکستان آرمی کی اِن کاوشوں کا مقصدملکی حالات میں مثبت تبدیلی لانا اور کھیلوں کے میدان کی رونقیں بحال کرنا ہے۔یہ اقدامات ایک صحت مند معاشرے کی جانب یقینا اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔جس سے نوجوانوں کو آگے -بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کامیابیوں کا لوہا منواسکیں