ملتان 04 جنوری(اے پی پی):پی ایچ اے ملتان کے زیر اہتمام سالانہ نمائش گل داؤدی کا آغاز ہو گیا ہے۔ کمشنر عامر خٹک نے نمائش کا افتتاح کیا۔
کمشنر ملتان عامر خٹک نے اس موقع پر کہا کہ گل داؤدی کی نمائش قابل ستائش ہے، پی ایچ اے ملتان شہر کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے پُر عزم ہے پی ایچ اے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے نشتر (II)میں خوبصورت لینڈ سکیپنگ جاری ہے۔ادارے کی کاوش کو سراہتے ہیں شجاع آباد روڈ پر بھی بڑی تعداد میں درختوں کی شجرکاری کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ صحت افزاء سرگرمیوں میں اضافے کے لیے پی ایچ اے ملتان اہم کردار ادا کر رہا ہے شہر کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔
ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان نے کہا کہ گل داؤدی کی نمائش کی تیاری پورا سال کی جاتی ہے۔میری گولڈ اور گل داؤدی سردیوں کے پھول ہیں جن کی نمائش کا اہتمام کیا ہے۔بیس ہزار گملے،پانچ اقسام اور بیس سے زائد رنگوں کے پھول رکھے گئے ہیں۔نمائش میں پھولوں کے لیے خاص جھولے لگائے گئے ہیں۔فوڈ گالا کا اہتمام بھی کیا گیا ہے مستقبل میں بھی ایسی تفریح سرگرمیوں کا اہتمام ہوتا رہے گا۔
نمائش کے افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر،سی پی او ملتان صادق ڈوگر،ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان،ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس محمد اختر منڈھیرہ اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔