لاہور، 04 جنوری(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کے 50ویں کامن کے زیرِ تربیت اے ایس پیز کے وفد نے ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی ڈی آئی جی نعیم احمد شیخ کی قیادت میں ملاقات کی۔
گورنر پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیسنگ کے شعبے میں چیلنجز اور خطرات ہیں۔ آپ لوگ خطرات میں فرنٹ لائن پر ہوتے ہیں اس پر میں آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں ٹیکنالوجی سیکھنا بہت اہم ہیں کیونکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور آئی ٹی سکلز جدید دنیا کی اہم مہارتیں ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جس مک میں سسٹم اور فریم ورک اپنی جگہ ہوں وہاں جرائم کی شرح کم ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں جرائم کے خلاف زیرہ ٹالرنس ہونی چاہئے وہاں عوام کو اس بات کا اعتماد دیں کہ تھانوں میں ان کی داد رسی ہو گی۔عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انصاف میں تاخیر انصاف کے انکار کے مترادف ہے۔
بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ بہتر پولیسنگ سے معاشرے میں امن و امان قائم ہوتا ہے اور بہتری آتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ نے نہ صرف عوام کا خیال رکھنا ہے بلکہ اپنے ماتحت عملے کا بھی خیال رکھنا ہے۔ گورنر پنجاب نے وفد کے شرکاءکو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ زیر تربیت افسران کمیونٹی سے رابطے بڑھانے پر کام کریں۔