گورنر پنجاب سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات،صوبے سے متعلق مختلف معاملات زیر بحث آئے

14

لاہور4جنوری:( اے پی پی ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے  نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبے کے حوالے سے بہت سے معاملات زیر بحث آئے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو پنجاب کی سرکاری جامعات میں گزشتہ حکومت کے تقریبا ً4 سالہ دور حکومت کے دوران عدم توجہی کے باعث پیش آنے والے مالی, انتظامی معاملات میں زبوں حالی سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، پولیس سٹیشنز، فیسیلی ٹیشن سینٹرز ، چڑیا گھروں اور عوامی تفریحی مقامات میں بہتری سمیت صوبائی مالیاتی معاملات میں بہتری پر گفتگو کی گئی۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے عوامی فلاح کے منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور وزیراعلیٰ پنجاب کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی آپ گریڈیشن پر مبارکباد دی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی مختصر عرصے میں کاوشیں بالخصوص صحت کے شعبے میں اقدامات مثالی ہیں۔ لاہور میں سموگ کا مسئلہ غیر معمولی ہے اس کے لیے غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سموگ کے مسلے کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں،ایک مصنوعی بارش کا تجربہ کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرا تجربہ اسی ماہ کیا جائے گا، سموگ کے مسئلے کے حل کے لیے دھواں دیتی گاڑیوں کو روکنے سمیت دوسرے اقدامات تیزی سے جلد نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔