لاہور 4 جنوری ( اے پی پی ) نگران وفاقی وزیر مملکت برائے سیاحت و امور نوجوانان سید وصی شاہ نے کہا ہے کہ نگران حکومت میں یہ عہدہ قوم کی طرف سے دی گئی ذمہ داری ہے جس کو نبھانے کی کوشش کر رہے ہیں اس عرصے میں جو خدمت قوم کی ہو سکتی ہے کر رہے ہیں۔دنیا بھر میں سیاحت ڈیجیٹل ہوئے پندرہ بیس سال ہو گئے ہیں جبکہ پاکستان میں ابھی تک کوئی ایپ ہی نہیں تھی جس کا انتظام کر رہے ہیں گلگت بلتستان میں ماونٹینینگ کی کوئی تربیت ہی موجود نہیں تھی جس سے کئی نامور لوگوں کی جانیں بھی گئی اب گلگت یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ہے کہ تربیت کا انتظام شروع کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی سی یونیورسٹی لاہور میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت ٹیبل ٹینس ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سپورٹس لیگز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں خواتین کا آبادی میں جتنا تناسب ہے وہی کھیلوں میں بھی ہونا چاہیے کھیلوں سے خوشی جتنا مرد ہے حق ہے وہی خواتین کو بھی دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے ایسے ٹیلنٹ ہنٹ کی کاوشیں شاندار ہیں جس میں ہینڈ بال، جوڈو کراٹے ،باسکٹ بال ،ٹیبل ٹینس جیسی گیمز میں پچاس ہزار سے زائد خواتین حصہ بن چکی ہیں جس کو اور بڑھانے کی ضرورت ہے۔
پروگرام سے جی سی یونیورسٹی کے مختلف ڈائریکٹر نے بھی خطاب کیا اور حکومت اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا،تقریب میں ٹیبل ٹینس لیگز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کو ٹرافی دی گئی۔ سید وصی شاہ نے ٹیبل ٹینس ٹرافی کی رونمائی کی اور لیگز میں بہترین کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو ٹرافیاں دیں۔