پشاور،5جنوری(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے آج پشاور پریس کلب کا دورہ کیا اور کلب کی نو منتخب کابینہ و گورننگ باڈی ممبران کو مبارکباد دی۔
پریس کلب دورے کے موقع پر نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ نے ارشد عزیز ملک اور دیگر ممبران کو مسلسل دوسری مرتبہ صحافیوں کی خدمت کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا محمد عمران خان، سینئر صحافی ایم ریاض کے علاوہ نو منتخب کابینہ اراکین اور گورننگ باڈی ممبران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ، تمام کابینہ و گورننگ باڈی ممبران سے ملے، پھولوں کے ہار پہنائے اور مبارکباد دی، اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔
ممبران سے ملاقات و صدر پریس کلب ارشد عزیز ملک سے گفتگو کے دوران نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، صحافیوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مروجہ قوانین کو بہتر بناتے ہوئے فلاحی اقدامات پر توجہ مرکوز ہے، انڈوومنٹ فنڈ کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ پریس کلبوں کو سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دے رہے ہیں کیونکہ اس سے صحافیوں کو پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں مدد ملے گی اور صوبے میں ذمہ دارانہ صحافت کو بھی فروغ ملے گا، حکومتی اقدامات کو عوام تک اور عوامی مسائل کو حکومت تک پہنچانے میں صحافیوں کا اہم کردار ہے۔
دورے کے موقع پر صدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک نے نئی کابینہ کی ترجیحات اور صحافیوں کے مسائل پر وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کو بریف بھی کیا۔