پشاور،5جنوری(اے پی پی): نگران مشیر برائے صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ریاض انور نے نئے سال کیلئے پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔انہوں نے پولیس سروسز ہسپتال میں بچے کو ویکسین پلاکر آئندہ قومی پولیو مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مشیر صحت کا کہنا تھا کہ معاشرے کے تمام طبقات پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان بارڈرپر آمدورفت سے پاکستان میں پولیو کے خطرات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ پولیو کی ٹیمیں موسمی شدت کے باوجود گھر گھر پہنچنے پر داد کی مستحق ہیں۔ اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے بچوں کے والدین اور معاشرے کے دیگر افراد کا تعاون انتہائی نا گزیر ہے۔
مشیر صحت کا مزید کہنا تھا صوبائی ایمرجنسی آپریشنز سنٹرنے صوبے میں دو مرحلوں پر مشتمل اس پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی ہیں۔ان کے مطابق 8جنوری سے شروع ہونے والی اس مہم میں پانچ سال تک کے عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پولیو مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے مشیر صحت نے بتایا کہ لکی مروت، جنوبی وزیرستان اپر، لوئر میں انسداد پولیو مہم 15جنوری سے چلائی جائے گی۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر ذیشان خان نے میڈیا نمائندوں کو پولیو مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے دوران صوبے میں مجموعی طور پر 74لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مہم کیلئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 31,505ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان ٹیموں میں 28,049موبائل ٹیمیں، 1964فکسڈٹیمیں، 1321 ٹرانزٹ ٹیمیں اور171رومنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ای او سی ڈپٹی کوآرڈنیٹرذیشان خان کے مطابق ان پولیو ٹیموں کی موثر نگرانی کیلئے 7,151 ایریا انچارجز بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ اس مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی موثر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تقریبا50,000 اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔
مہم کے افتتاح کے موقع پر مشیر صحت کے علاوہ ڈپٹی کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر ذیشان خان، ڈاکٹر سید باور شاہ صدر پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا، ڈاکٹر سرفراز آفریدی ٹیم لیڈی عالمی ادارہ صحت پختونخوا کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔