اسلام آباد،5جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا کہ نئی نسل میں جدوجہد کشمیر کا جذبہ پیدا کرنے میں تعلیمی اداروں کے کلیدی کردار اہمیت کے حامل ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک بھر کی جامعات کے 127 وائس چانسلرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کا اہتمام چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کیا۔واضح رہے کہ یہ اجلاس کشمیر کے حق خودارادیت کے دن کے موقع پر منعقد گیا ۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی مشعال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے آر ایس ایس کو خطے میں اپنے نظریات پر عملدرآمد کے لئے لا محدود اکثریت دی جس کے باعث میں آر ایس ایس کے نظریات پورے بھارتی معاشرے میں بڑے پیمانے پر پھیل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور آر ایس ایس کے مابین تعلقات نے اقلیتوں اور خطے کے مجموعی امن و استحکام کے لئے خطرہ پیدا کردیا ہے ۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ آر ایس ایس کے دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے جو دنیا کے مختلف خطوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی خوشحالی اور علاقائی استحکام مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے ہی ممکن ہوسکتا ہے۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے تھنک ٹینکس کی تشکیل میں تعلیمی اداروں کے بنیادی واہم کردار پر بھی روشنی ڈالی جو کسی بھی انقلاب یا تحریک کی کامیابی کے لئے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی مختلف یونیورسٹیوں میں کشمیر سینٹرز کے قیام کا خیر مقدم کیا۔مشعال ملک نے فلسطین اور کشمیر کی صورتحال کی طرف توجہ مبذول کرائی جہاں قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مواصلات اور اطلاعات کی بندش کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جمہوں وکشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنے۔ انہوں نے شرکاءکو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دانشوروں پر مشتمل کشمیر ایڈوائزری کمیٹی کے کام کے بارے میں آگاہ کیا۔
مشعال ملک نے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو دعوت دی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے جواب میں سفارشات کی تیاری میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس موقع پر وائس چانسلرز کا اجلاس منعقد کرنے پر ہائر ایجوکیشن کی کوششوں کی تعریف کی ۔