اسلام آباد،7جنوری (اے پی پی):گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے محکمہ سیاحت،کھیل و ثقافت کے زیر اہتمام پاکستان میں سیاحت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے گلگت بلتستان میں سیون ڈے ونٹر فیسٹول 15 سے 25 جنوری 2024ءتک منعقد ہوگا،پہلی مرتبہ نیشنل آئیس ہاکی چیمپئن شپ، مقامی کھیلوں، ثقافتی پروگرامات سمیت تمام دس اضلاع میں فیسٹول کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر سیاحت گلگت بلتستان غلام محمد ، وزیر محکمہ منصوبہ بندی و ترقی راجہ ناصر علی خان ، وائس پریزیڈنٹ پاکستان ونٹرسپورٹس ایئر کموڈر( ر) شاہد ندیم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد اور سیکرٹری سیاحت،کھیل و ثقافت آصف اللہ خان نے اتوار کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ونٹر سپورٹس سے پاکستان بالخصوص گلگت بلتستان میں سیاحت اور کھیلوں کو فروغ ملے گا۔ گلگت بلتستان سیون ڈے ونٹر فیسٹول کی پروموشن کیلئے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سیاحت،کھیل و ثقافت گلگت بلتستان غلام محمد نے کہا کہ گلگت بلتستان میں چاروں موسموں میں کھیلوں کے ذریعے سیاحت کو اجاگر کررہے ہیں۔ موسم خزاں میں سرفہ رنگا سکردو کا انعقاد کیا گیا اور رواں موسم میں گلگت بلتستان کے تمام دس اضلاع میں آئس ہاکی سمیت دیگر مقامی کھیلوں کا انعقاد کررہے ہیں تاکہ دنیا بھر سے سیاح پاکستان کا رخ کرسکیں۔ گلگت بلتستان کی عوام اور حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرتی ہے اور کھیلوں سمیت کلچر ایونٹس وقتاً فوقتاً ہوتے رہتے ہیں اور سیون ڈے ونٹر فیسٹول بھی اس کی ہی ایک کڑی ہے۔ اس سے قبل شگر سکردو بلتستان میں سرفہ رنگا فیسٹول کروایا جو بہترین اور کامیاب ثابت ہوا۔ گلگت بلتستان میں گرمیوں میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے اور ہم ونٹرسپورٹس ایونٹس کے ذریعے سردیوں میں بھی سیاحوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس خوبصورت خطے کی سیر کریں۔
وزیر محکمہ منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان راجہ ناصر علی خان نے کہا کہ ہم کوشش کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو زیادہ سے زیادہ پرموٹ کریں، چاروں موسموں کے مطابق سپورٹس ایونٹس منعقد کریں تاکہ علاقے کو دنیا بھر میں پروموٹ کیا جاسکے۔ سرفرنگا فیسٹول کی طرح اس ایونٹ کو بھی مستقبل میں بہتر سے بہتر انعقاد کریں گے۔گلگت بلتستان پوری دنیا میں پاکستان کی سیاحت کا حب بن چکا ہے۔ گلگت بلتستان میں ہونے والے اس ایونٹ میں دنیا کو اچھا پیغام دینا چاہتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد نے کہا کہ سیون ڈے ونٹر فیسٹول میں نیشنل آئس ہاکی چیمپئن سمیت مقامی ونٹر کھیلوں کے زریعے پوری دنیا کو پاکستان کا مثبت چہرہ دکھائیں گے۔ گلگت بلتستان جیسی خوبصورتی پوری دنیا میں کہیں نہیں ہے اس حوالے سے دنیا میں سب سے بہترین جگہ ہے ،ہم سیاحوں کو گلگت بلتستان کی طرف سردیوں میں بھی زیادہ سے زیادہ لانا چاہتے ہیں۔ ہم آئندہ برس اسے ایونٹس کا بڑی سطح پر انعقاد کریں گے ، گلگت بلتستان میں ونٹر اسپورٹس کے حوالے سے اچھے انتظامات کر رہے ہیں۔
وائس پریزیڈنٹ ونٹرسپورٹس آیئر کموڈر( ر)شاہد ندیم نے کہا کہ میرا گلگت بلتستان سے پرانا تعلق ہے نلتر میں اپنے فرائض انجام دیتا رہا ہوں۔ گلگت بلتستان میں ونٹر اسپورٹس کا جو بھی ایونٹ کروائیں، سب آتے ہیں ملکی و غیر ملکی مقامی سیاحوں کا خوب رش ہوتا ہے، گلگت بلتستان والے جس طرح دیگر ایونٹس کو لیڈ کر رہے ہیں اسی طرح لیڈ کریں۔سپورٹس فیڈریشن کی کوشش ہے ہم ایشین گیمز اور 2026 اولمپک گیمز میں اپنے ایتھلیٹ لیکر جائیں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔
سیکرٹری سیاحت،کھیل و ثقافت گلگت بلتستان آصف اللہ خان نے دس روزہ ونٹر اسپورٹس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیون ڈے فیسٹول کا دوسرا ایڈیشن منعقد کروا رہے ہیں جو اس بار کچھ منفرد ہوگا۔ پورے گلگت بلتستان کے تمام دس اضلاع میں یہ سیون ڈے فیسٹول منعقد کررہے ہیں۔ ونٹرسپورٹس کو گلگت بلتستان میں زیادہ اجاگر کرنا چاہتے ہیں، گلگت بلتستان کی ثقافت اور پرانے گیمز کو دوبارہ متعارف کروا رہے ہیں، ونٹر اسپورٹس فیڈریشن پاکستان کے تعاون سے منعقد کررہے ہیں۔ دس اضلاع میں مختلف ونٹر ایونٹس سمیت نیشنل آئس ہاکی چیمپئن شپ منعقد کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں ان ایونٹس کی کامیابی میں حکومت اور پرائیویٹ پارٹنرز کا اہم کردار ہے۔پہلی بار نیشنل آئس ہاکی کے کھلاڑی اس ایونٹ میں شریک ہوں گے، گزشتہ برس اٹھائے گئے اقدامات کے باعث غیر ملکی سیاحوں کی آمد سے چار سو ملین روپے کی آمدنی حاصل ہوئی اور ہم اس تسلسل کو مزید بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔