پشاور میں 5روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا

31

پشاور، 8جنوری(اے پی پی): کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے آج یہاں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا  ہے ، اس پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے پانچ سال سے کم عمر کے 1856935 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاہیں گے۔

کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 1249639 گھروں کا انتخاب کیا گیا ہے اور اس پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 6285 ٹیموں پر مشتمل 15885 سیکورٹی اہلکار پولیو ٹیموں کی حفاظت کے ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔

کمشنر  نے کہا کہ پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے لئے 395 فکس پوائنٹس جبکہ 380 ٹرانزٹ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کے لیے پختون روایات کے تحت بذریعہ جرگہ انکاری والدین کو قائل کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے انکاری والدین میں بتدریج کمی آرہی ہے۔