بلوچستان بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم8 جنوری سے شروع ہو گی

29

 

کوئٹہ،08جنوری(اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت پراونشل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس منعقد ہوا اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلوچستان بھر میں سات روزہ انسداد پولیو کی خصوصی مہم8 جنوری بروز پیر سے شروع ہو گی جبکہ مہم کے دوران 25لاکھ96ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے، بلوچستان بھر میں پولیو مہم میں 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے اور اس سے بچنے کا واحد حل بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانا ہے، پولیو کے خاتمے کے لئے ہر ایک کو جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ والدین اور تمام مکتبہ فکر بھی ملک و صوبے سے پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔