چونتیس سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران کے وفد کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

16

سیالکوٹ،09جنوری(اے پی پی):نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کے زیر اہتمام 34 سینئر مینجمنٹ کورس (ان لینڈ سٹڈی ٹور) کے افسران کے  وفد نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایس سی سی آئی) کا دورہ کیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک،سینئر نائب صدر وہاب جہانگیر، نائب صدر عامر مجید شیخ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری افسران کی صلاحیتوں اور ان کے کام کی استعداد کو بڑھانے کے لیے غیر متزلزل عزم پر معزز  شرکاء  نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کورس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں  نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ اس گروپ سے تعلق رکھنے والے ہمارے قابل افسران حکومتی مشینری کے  ذریعے موثر کام کے لیے اپنے آپ کو پوری طرح وقف کر دیں گے،  ان کا غیر متزلزل عزم بلاشبہ اپنے اپنے کرداروں میں بہتر نتائج دے گا، خواہ وہ وفاقی، صوبائی یا ضلعی سطح پر ہوں کیونکہ سب کا مقصد ملک کی ترقی اور شہریوں کی بھلائی ہے۔  صدر ایس سی سی آئی عبدالغفور ملک  کا کہنا تھا کہ ترقی کے حصول کے لیے تجارت اور صنعت کو بہتر بنانے میں آپ  افسران کا کردار انتہائی اہم ہے،  ضروری تربیت حاصل کرکے اور لیڈروں اور منیجرز کے طور پر اپنے علم اور صلاحیتوں کو مؤثر طریقے سے استعمال کرکے آپ ہمارے ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتے  ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ ایس سی سی آئی حکومتی حکام کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے اور اسے برقرار رکھنے میں بہت اہمیت رکھتا ہے اور ہم نے ہمیشہ خود کو حکومت کی ایک ٹیم سمجھا ہے تاکہ معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔

 انہوں نے کہا کہ  سیالکوٹ ٹیلنٹ سے بھرا شہر ہے جو صنعتکاروں کے ایک طبقے کی نمائندگی کرتا ہے، جنہوں نے برآمدات کی طرف اپنی جبلت اور بہترین نتائج حاصل کرنے کی خواہش کے ذریعے سیالکوٹ کو پاکستان کا واحد برآمدی شہر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں قائم چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے سالانہ 2.5  بلین امریکی ڈالر کا زرمبادلہ کما رہے ہیں۔

صدر ایس سی سی آئی نے کہا کہ سیالکوٹ میں فٹ بال، فیلڈ ہاکی اسٹکس، کرکٹ گیئر اور باکسنگ گلوز کا استعمال اولمپکس اور ورلڈ کپ سمیت بین الاقوامی کھیلوں میں ہوتا ہے،اس شہر نے فیفا ورلڈ کپ کے لیے آفیشل میچ بال  کی تیاری میں مشہور ترین  کا درجہ حاصل کیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2022 قطر کی آفیشل میچ بال  “الریحلا ” کو فخر کے ساتھ یہاں سیالکوٹ میں تیار کیا گیا تھا،  اس کے علاوہ گزشتہ ورلڈ کپ کے فٹ بال بھی  اسی شہر سے تیار کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کا تذکرہ بڑے فخر کے ساتھ کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہم ایکسی لینس ماڈل کو جاری رکھیں گے اور ملک کے لیے مزید اعزازات حاصل کرنے کے لیے  بھی پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صدی پر محیط تاریخ سے جراحی کے آلات کی تیاری میں ہنرمند دستکاری کی وراثت نے ہمیں اعلیٰ معیار کے سرجیکل آلات تیار کرنے کے قابل بنایا ہے جو دنیا کے 140 سے زائد ممالک کو برآمد کیے جاتے ہیں اور جنہیں طبی ماہرین، سرجنز، بیوٹیشنز اور ڈینٹسٹ  مکمل اعتماد کے ساتھ استعمال کرتے ہیں، اس کے علاوہ  چمڑے کی مصنوعات اور ٹیکسٹائل ، کھیلوں کے لباس میں بھی  سیالکوٹ کو معیار اور انداز میں دوسرے ممالک کے مقابلے میں مسابقتی برتری حاصل ہے۔